قوم کی حمایت سے افواج ملک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی‘ آرمی چیف

67

راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے افواج ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی‘ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نارووال اور سیالکوٹ میں فیلڈ مشق کے دورہ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ آرمی چیف کو مشق کے مقاصد اور انعقاد کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی جس کا مقصد پیشہ ورانہ مہارت اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا جو ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔ مشق کے دوران آرمرڈ، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ائر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس کی جانب سے مربوط فائر اور مینیوور آپریشنز کیے گئے۔ اس مشق میں جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا جو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے پورا دن فوجیوں کے ساتھ میدان میں گزارا، ان کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔