اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کاکہنا ہے کہ اب تک موٹر سائیکل چوری کے تین مقدمات درج ہو چکے ہیں ایسا لگ رہا ہے کہ بہت جلد بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ کا حصہ بنا دیا جاؤنگا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مجھ پر ویسے تو سو سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ مزید ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں، مجھ پر فیصل آباد میں ایک مقدمہ ہے کہ میں نے موٹر سائیکل چوری کی، باقی جگہ پر میں نے ایکسرے مشین چوری کی، کسی جگہ ڈنڈے چوری کیے اور ساتھ میں قتل بھی کیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ہمارے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے، مجھے چیزیں چرا کر کیا ملے گا؟ میرے پاس رب کا دیا سب کچھ موجود ہے، حکومت ہمیں عوام کے سامنے بدنام کرنے کے لیے چوری کے جھوٹے مقدمات درج کررہی ہے۔ خیال رہےکہ عمر ایوب پر صرف موٹر سائیکل چوری ہی نہیں بلکہ ایکسرے مشین، پولیس اسلحہ، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، گاٰڑی کا جیک اور ڈیزل ٹینک کا ڈھکن اور ڈیزل چوری کے مقدمات بھی قائم کیے گئے ہیں۔