پی ٹی آئی کے احتجاج میں فساد پھیلانے والوں کو سزا دی جائے گی، وزیر اعظم

101

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے  کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا، شرپسند عناصر نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے وقت ملک کے دارالحکومت پر لشکرکشی کرکے امن برباد کرنے کی کوشش کی۔

24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں ہونے والے فسادات کی تحقیقات کیلیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دھرنوں کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

شہباز شریف کاکہنا تھاکہ پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی، اسلام آباد سیف سٹی میں فارنزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا۔ خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے میں رینجرز کے 4جوان اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ رینجرز کے 4 جوان اور پولیس کے کوئی 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، جس پر وزیر اعظم نے ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہوئے تمام واقعات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔