پختونخوا کابینہ کا اجلاس، کُرم میں قیام امن  کیلیے جامع ایکشن پلان منظور

106

پشاور:خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس میں کُرم میں قیام امن کے لیے جامع ایکشن پلان منظور کرلیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق  وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کُرم کی صورت حال پر غور کیا گیا۔

صوبائی کابینہ  کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کُرم کے حوالے سے پائیدار قیام امن اور استحکام کی بحالی کے لیے جامع ایکشن پلان کی منظوری  دے دی گئی ہے۔کُرم کے حالیہ افسوسناک واقعات میں133 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور 177 افراد زخمی ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ نے نفرت پھیلا کر تشدد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح کُرم ہائی وے سمیت اہم مقامات پر 65 چیک پوسٹس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

صوبائی  کابینہ نے کُرم میں ضروری ادویات کی شدید قلت کے پیش نظر فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کی فراہمی کی  ہدایات جاری کی ہیں۔

پختونخوا کابینہ نے صوبے سے تعلق رکھنے والے سیکورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے مجموعی طور پر 187.00 ملین روپے کا پیکیج منظور کرلیا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ججز کی نئی اسامیاں تخلیق کرنے کی بھی منظوری دی۔