پشاور:مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا( کے پی کے ) بیرسٹر سیف کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے بے گناہ گرفتار کارکنان کی اہلخانہ سے ملاقات کے لیے جعلی حکومت جلد بندوبست کرے، ملاقاتیں نہ ہونے سے پی ٹی آئی کارکنوں کے گھر والوں میں اضطراب پایا جاتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کے پی کے جعلی حکومت ملاقات کا بندوبست کرکے اہلخانہ کو تسلی کروائیں کہ آیا ان کے پیارے جیلوں میں ہیں یا کسی اسپتال میں زخمی پڑے ہیں، گرفتار کارکنان کے اہلخانہ ملاقات کے لیے بے چارے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، کبھی ایک تھانے اور کبھی دوسرے تھانے کے چکر لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ظالم حکومت نہتے کارکنوں کو کس جرم کی سزا دے رہی ہے، احتجاج تو ہر شہری کا آئینی حق ہے، جعلی حکومت کی فسطائیت آسمان کو چھو رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کاکہنا تھا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم ہونے والی حکومت ظلم ڈھانے کے بعد اعتراف نہیں کررہی ہے کہ اس نے مظلوم عوام پر جبر کیا ہے، حکومت گھبراہٹ کا شکارہے ، ظالم حکمرانوں کے سمجھ نہیں آرہا کہ اتنے لوگوں کے مرنے کا الزام کس پر لگایا جائے؟