پاکستان نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی
3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں 2صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی جب کہ قومی ٹیم کی تباہ کن باؤلنگ کے نتیجے میں پہلے بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا اور اسے ابتدا سے ہی مہمان ٹیم کا سامنا کرنے میں مشکل کا شکار رہی۔
زمبابوے کے دونوں اوپنر برین برینیٹ 21 اور ٹاڈی وناشے مارومانی 16 رنز بنا کر دہرے ہندسے میں داخل ہوسکے، ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں کا وکٹ پر قیام ان سے بھی کم رہا جو جلد وکٹیں گنوا کر پویلین لوٹ گئے اور پوری زمبابوین ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یہ زمبابوے کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور ہے، قومی ٹیم کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 شکار کیے، یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی مختصر ترین طرز کی کرکٹ میں سب سے بہترین کارکردگی ہے۔
نوجوان اسپنر باؤلر نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کے ساتویں میچ میں انجام دیا، ان سے قبل عمر گل نے 2009 اور 2013 میں 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بلے بازوں نے معمولی ہدف کو بلا کسی نقصان کے حاصل کرلیا، اوپنر عمیر یوسف 22 اور صائم ایوب 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح سے پاکستان نے 57 رنز کا ہدف حاصل کرکے میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 2صفر سے اپنے نام کرلی۔