لاڑکانہ پولیس کا کارنامہ ،چند گھنٹوںمیں چوری شدہ کاربرآمد

66

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)لاڑکانہ پولیس کی کار چوری کی اطلاع پر فوری کارروائی بروقت ناکہ بندی کرکے چند گھنٹوں کے اندر چوری شدہ XLI کار ماڈل 2007ء برآمد کرلی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے برآمد شدہ کار اصل مالک کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ رحمت پور سب انسپکٹر غلام مرتضیٰ گورچانی کے لیے تعریفی اسناد کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ چوری شدہ کار برآمد ہونے پر کار مالک بابر علی کھیڑو اور اہل علاقہ نے تھانے آکر پولیس ٹیم کو ہار پہنائے اور اظہار تشکر کیا۔ مری چوک والے علاقے سے چوری شدہ کار برآمد ہونے کے بعد فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے متعلقہ ایس ایچ او تھانہ رحمت پور کو ملزمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے مراد واڈن محلے کے رہائشی 25 سالہ نوجوان محمد علی عرف سونو شیخ پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ انہوں نے عوام اور حکام سے اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کی ہے۔اہل خانہ کے طابق، محمد علی عرف سونو شیخ، جو ولید تھانے کی حدود نیو بس اسٹینڈ کے قریب کباڑ کی دکان پر کام کرتا تھا، گزشتہ روز کام کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے کا کہہ کر ڈاکٹر سے دوا لینے گیا تھا لیکن وہ واپس نہیں آیا۔ اہل خانہ نے اس کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن کامیابی نہ ملی، جس کے بعد انہوں نے دڑی اور ولید تھانوں کو گمشدگی کی اطلاع دی۔ تاہم اب تک کوئی سراغ نہیں ملا۔اہل خانہ نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوان کی تلاش کیلیے فوری اقدامات کریں۔