سنجھورو (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما و ایم پی اے نوابزادہ جام شبیر علی خان نے تعلقہ سنجھورو کے مختلف مقامات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اسی سوچ اور مشن کا نام ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری ہمیشہ عوام کے حقوق کیلیے متحرک ہیں اور پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کیلیے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ 57 سال قبل پیپلز پارٹی نے عوام کو سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت دی بھٹو کے بعد ان کا مشن شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو نے سنبھالا لیکن ان کو بھی نشانہ بنایا گیا آج ظالموں کا نام و نشان تک نہیں۔ اور بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا شہداد پور میں گزشتہ روز منعقدہ ہونے والے 57ویں یوم تاسیس پر عوام کے ہجوم نے ثابت کر دیا کہ ضلع سانگھڑ پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے ممبر سندھ اسمبلی نوابزادہ جام شبیر علی خان نے کہا کہ پی پی پی سندھ دریا پر بننے والے 6 کینالوں کیخلاف ہے یہ کینال نہیں بننے چاہئیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے پورے ملک میں موجود ہیں پی پی پی ضلع سانگھڑ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس سے ضلع سانگھڑ میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔