حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہے ،افضال احمد

168

سانگھڑ(نمائندہ جسارت) حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، جماعت اسلامی ہی دیانت دار قیادت کے ذریعے قومی و عوامی مسائل حل کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر افضال احمد صدیق نے سعید آباد سندھ کے الحبیب ریسٹورنٹ میں ضلع سانگھڑ ،مٹیاری اور نواب شاہ کے ضلعی و مقامی امرا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر افضال احمد نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، جماعت اسلامی ہی دیانت دار قیادت کے ذریعے قومی و عوامی مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ممبر سازی کے ذریعے رابطہ عوام تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، الحبیب ریسٹورنٹ سعید آباد میں جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ نواب شاہ اور مٹیاری تین اضلاع کے مقامی اور ضلعی ذمے داران کا نائب امیر صوبہ افضال احمد صدیق کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع سانگھڑ اور مٹیاری ضلع کے مقامی امرا کی حلف برداری بھی ہوئی اور نو منتخب امرا کیلیے دعا بھی کی گئی ، نیز پاکستان بھر میں گزشتہ ماہ سے جاری ممبر سازی مہم کے حوالے سے ضلعی ذمے داران نے اپنے اپنے ضلع کی رپورٹ پیش کی ، مختلف ذمے داران نے اس حوالے سے اپنے مشاہدات تجربات تاثرات اور تجاویز بھی پیش کیں، مفتی ولی محمد سہتو نے سورہ ح م سجدہ کی آیات کی روشنی میں داعی دعوت اور انداز دعوت پر رہنمائی فرمائی۔ آخر میں محمد افضال نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ نے ہدایت اور رہنمائی دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ممبر سازی مہم میں 15 دن کا اضافہ ہوا ہے ان 15 دنوں میں ہم نے حاصل کردہ اہداف سے د گنا افراد تک پہنچنا ہے ، ممبر سازی مہم اپنی دعوت کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے اور انہیں اپنی تحریک سے جوڑنے کا ایک ذریعہ ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پہلی فرصت میں مقامی سطح پر اس حوالے سے مرکزی اور صوبائی خطوط کی روشنی میں پلاننگ کریں اور کام شروع کردیں۔ تقریب سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر محمد رفیق منصوری ، مٹیاری ضلع کے امیر فقیر محمد لاکھو اور نائب امیر جماعت اسلامی ضلع شہید بے نظیر آباد سرور احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔