حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (س) حیدرآباد کے امیر مولانا عبد الواحد خان سواتی، جنرل سیکرٹری حافظ ارمان احمد چوہان، قاری سعداللہ خان حیدری، مولانا اشرف بنوری، محمد علی شیخ، صاحبزادہ عتیق الرحمن، حافظ عبد الوحید ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حیسکو الیاس آباد سب ڈویژن کی حدود نورانی بستی چشتیہ کالونی محبوب ٹاؤن و دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے میں 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ کئی سال سے جاری ہے، پہلے سردیوں کے مہینے میں عوام کو کچھ ریلیف مل جاتا تھا لیکن موجودہ حکومت اور ان کے اتحادیوں کے دور میں عوام کو سردیوں میں بھی 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ برداشت کرنا پڑ رہی ہے، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی مشترکہ حکومت بھی حیدرآباد کے شہریوں کو حیسکو کے مظالم سے نجات نہ دلا سکی، نورانی بستی، چشتیہ کالونی، محبوب ٹاؤن، لیاقت کالونی، قائد آباد ودیگر علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند کر دی جاتی ہے، دسمبر شروع ہوگیا لیکن حیسکو الیاس آباد سب ڈویژن نے بجلی بند کرنے کا وہی گرمیوں والا شیڈول رکھا ہوا ہے، اب سردیوں میں اے سی تو دور کی بات، لوگ پنکھا بھی نہیں چلا رہے، پھر بھی رات کے اوقات کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے، رات کی لوڈ شیڈنگ سے چوری، ڈکیتیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔