ڈھرکی: تیز رفتار مسافر وین اُلٹ گئی، درجن سے زائد مسافر زخمی

80

ڈھرکی (نمائندہ جسارت) قومی شاہراہ پر مسافر وین اُلٹ گئی، بس میں سوار درجن سے زائد مسافر زخمی ہو گئے، جن میں ایک بچی اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد ابتدائی طور پر ایمبولینس بروقت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے زخمی مسافروں کو مال بردار رکشوں پر ڈہرکی اور میرپور کے سول اسپتالوں میں منتقل کی گیا، مقامی پولیس کو بروقت اطلاع کیے جانے کے باوجود بھی پولیس تاخیر سے پہنچی، موٹروے پولیس کے پہنچتے ہی ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچ گئیں، ایک زخمی فیملی کو ریسکیو ٹیموں نے اسپتال منتقل کیا، حادثہ تیز رفتار وین کے اچانک بریک لگانے سے ٹائر پھٹ جانے کے باعث پیش آیا، وین ڈرائیور کے اچانک بریک لگانے کی وجہ سے مسافر وین کے ٹائر پھٹ گئے اور وین خطرناک انداز سے اُلٹ گئی اور ہر طرف چیخ پکار کی آوازیں پھیل گئیں۔ حادثے سے ہونے والے خطرناک دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے مکین بڑی تعداد میں فوری پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی مدد آپ بعد ازاں پولیس کی باہمی مدد کے ساتھ وین میں پھنسے زخمیوں کو بڑی مشکل سے باہر نکال کر انہیں فوری علاج کے اسپتال منتقل کردیا، تاہم وین کا ڈرائیور فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے، پولیس خطرناک روڈ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین کشمور جا رہی تھی۔