اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے ملک میں 70ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی۔اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اائی والوں نے اپنے غیرقانونی ہتھکنڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی، دھرنوں سے پچھلے دنوں ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی، اسلام آباد میں افراتفری کا سماں تھا، احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، احتجاج ختم
ہوتے ہی اگلے روزاسٹاک مارکیٹ بہتر ہوئی، مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے،2018 ء کے بعد مہنگائی کی شرح4.9 کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، مہنگائی کم ہونے کے بعد اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، فوج کی سرحدوں پر مکمل گرفت سے اسمگلنگ زیرو ہوچکی ہے، چینی کی اسمگلنگ نہ ہونے سے اس سال چینی کا بحران پیدا نہیں ہوا، اب ہم نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت میں ایک منچلے وزیر نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کا بیان دیا، اس بیان سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پْرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے قومی پالیسی 2024 ء کی منظوری دے دی۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے موصول اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی۔اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ماہرین کی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے جو کہ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی انسانی صحت پر اثرات کو جانچنے کے حوالے سے بنائی گئی تھی۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو انسانی صحت کے لیے محفوظ قرار دیا ہے۔ کمیٹی میں پاکستان سائینٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز، وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور سرمایہ کاری بورڈ کے نمائندگان شامل تھے۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر یونیورسٹی آف کیمبرج ، سینٹ انٹونیز کالج یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف جارڈن، پیکنگ یونیورسٹی چین ، یونیورسٹی آف ہائیڈل برگ، جرمنی میں پاکستان چئیرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری دی-وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر حبیب الرحمان اور ڈاکٹر کامران انصاری کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس ان منرالوجی، یونیورسٹی آف بلوچستان، کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ممتاز محمد شاہ اور ڈاکٹر محمد احمد فاروقی کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجویز کی اصولی منظوری دی جبکہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل پریوینشن آف وائلینٹ ایکسٹریمزم پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور سندھ ہائی کورٹ ، کراچی کے احکامات کی روشنی میں اسپیشل کورٹس کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور بلوچستان ہائی کورٹ ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں اسپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی اسمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور پشاور ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ ، اسلام آباد ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ کراچی، بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائیرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 ء کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔