کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں حادثات و واقعات میں خواتین سمیت 8افراد جاںبحق ہوگئے‘ دیگر واقعات میں بچے اور خواتین سمیت 6افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی چمڑا چورنگی رشید اینڈ سنز فلپس کمپنی کی لفٹ سے گرنے سے 35 سالہ شعیب ولد غلام محمد جاںبحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش کو جناح اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دیاگیا۔ چاکیواڑہ تھانے کی حدود لیاری بکرا پیڑی چھاچھی اسٹریٹ روڈ شاہ جی سوئٹس محبوب مسجد نزد چاکیواڑہ تھانے والی گلی میں گھر سے 12 سالہ بچی ماہ نور دختر امداد حسین کی پھندا لگی لاش ملی۔ متوفی کی لا ش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ بیانات کی روشنی میں لگتا ہے کہ بچی نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے تاہم معاملہ مشکوک ہے۔ شواہد اور تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق کا علم ہوسکے گا ۔ مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر نمبر 10لکی ون ہال کے قریب گھر سے 20 سالہ حرا دختر عمران کی پھندا لگی لاش ملی، متوفیہ کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے32سالہ راہگیر خاتون ثمینہ ناز جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔