رینجرز بن بلائے غیرقانونی طور پر خیبرپختونخوا آئی، عمرایوب

93

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ رینجرز بن بلائے غیر قانونی طور پر خیبرپختونخوا آئی، یہ وزیراعلیٰ پر حملہ کرنا چاہتے تھے، شہباز شریف، مریم نواز، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او اٹک کے
خلاف پرچہ کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد احتجاج میں میرے چار سکیورٹی اہلکار غائب ہوئے تھے جو کل واپس آئے ہیں لیکن میری گاڑی ابھی تک غائب ہے جس میں ایک لاکھ روپے پڑے تھے، ایجنسیوں سے کہنا چاہتا ہوں پیسے اپنے پاس رکھیں لیکن مجھے گاڑی واپس کردیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کوئی مسلح لوگ نہیں اور ہم کوئی قلعہ فتح کرنے نہیں گئے تھے لیکن ہم پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد وہاں سے کارکنان روانہ ہوئے، اس دوران رینجرز بن بلائے غیرقانونی طور پر خیبرپختونخوا آئی، یہ وزیراعلیٰ پر حملہ کرنا چاہتے تھے، اس کی انکوائری ہونی چا ہیے اور جس نے یہ خلاف ورزی کی ہے اس کے خلاف کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مجھے نہیں پتا ہوئے تھے یا نہیں، اس بارے میں وزیراعلیٰ ہی کوئی جواب دے سکتے ہیں لیکن جب تک عمران خان رہا نہیں ہوتے ہم جہدوجہد کرتے رہیں گے، ہم اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے، ہمیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔