یا تیسری عالمی جنگ شروع ہوچکی ہے؟

146

تیسری عالمی جنگ کب ہوگی، اُس کا کیا نتیجہ برآمد ہوگا، کتنے بڑے پیمانے پر تباہی واقع ہوگی، کون فاتح ہوگا اور کون کون صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا یہ سب کچھ جاننے کے لیے دنیا بھر میں اربوں افراد بے چَین رہتے ہیں۔

تیسری عالمی جنگ کے بارے میں پیش گوئیوں کا بازار بھی گرم رہا ہے۔ ماہرین اپنے مشاہدے اور تجربے کی روشنی میں تیسری عالمی جنگ کے بارے میں پیش گوئیاں کرتے رہے ہیں مگر اب تک تو تیسری عالمی جنگ شروع ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

اِس کا ایک بنیادی سبب یہ بھی ہے کہ دنیا بھر میں بہت بڑے پیمانے پر تباہی کی راہ ہموار کرنے والے ہتھیار اِتنے بڑے پیمانے پر پائے جاتے ہیں کہ بڑی طاقتیں آپس میں ٹکرانے سے گریز کرتی ہیں۔

آپ بھی سوچتے ہوں گے کہ تیسری عالمی جنگ کب چِھڑے گی۔ ایسے میں آپ کی حیرت کا کیا عالم ہو اگر کوئی یہ کہے کہ تیسری عالمی جنگ تو بہت پہلے شروع ہوچکی ہے اور خاصے جوش و خروش سے لڑی بھی جارہی ہے۔

زمانہ بہت بدل چکا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں جنگیں ہو رہی ہیں مگر اُن کا انداز مختلف ہے، طریقِ کار وہ ہے جو پہلے کبھی نہیں تھا۔ آج کی جنگ تکنیک کے محاذ پر لڑی جارہی ہے۔ معرکہ آرائی پلاننگ اور نیٹ ورکنگ کے محاذ پر ہو رہی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں فی زمانہ سائبر اسپیس اور ڈجیٹل ورلڈ میں جنگ لڑی جارہی ہے۔ قدم قدم پر ڈِز انفارمیشن ہے، پروپیگنڈا ہے، سوشل میڈیا کی بھول بھلیاں ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ دنیا بھر میں جنگیں ہو رہی ہیں۔ یہ سب کچھ تیسری عالمی جنگ ہی کا حصہ ہے۔ جس تیسری عالمی جنگ کا اب تک انتظار کیا جارہا ہے وہ تو شروع ہو ہی چکی ہے۔