واشنگٹن: امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہےکہ ابھی تک غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری ڈیل میں ناکامی کا سامنا ہے،اس حوالے سے کام کررہے ہیں لیکن ہم اب تک حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ہم خطے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی قریبی رابطوں میں ہیں، ہمیں امید ہے کہ ہم جلد ہی سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
خیال رہے کہ جیک سلیوان کا بیان اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ کو نشانے بنانے کے بعد سامنے آیا جس میں اسرائیل نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور فرانس کے جاری کردہ قواعد وضوابط کے مطابق لبنان اور اسرائیل میں جنگ بندی کے معاہدے ہوگئے تھےتاہم اسرائیلی حکومت نے اپنے جارحانہ کارروائیاں بند کرنے کے بجائے آج دوبارہ حزب اللہ کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔