خراب انجن و دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

58
bad engines and emitting smoke

لاہور: پنجاب میں آلودگی کا باعث بننے والی خراب انجن اور دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب انجن اور مقدار سے زائد دھوئیں والی گاڑیوں کو سڑکوں پہ نہ چلنے دیا جائے۔

محکمہ ماحولیات کی جانب سے دھوئیں، دھول اور مٹی کے خاتمہ کیلئے جمعہ اور اتوار کو ٹرکوں بسوں اور بھاری گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی، اینٹی سموگ مہم کے تحت لودھراں، اوکاڑہ، وہاڑی اور سرگودھا میں چھ بھٹے بھی مسمار کردیئے گئے جبکہ 3 صنعتی یونٹس، ایک سٹیل رولنگ مل،ایک ٹیکسٹائل یونٹ اور ایک چاول مل بھی سیل کردی گئی۔خراب انجن اور زیادہ دھواں دینے والی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی پڑتال کی گئی جن میں سے 144 گاڑیاں بند کردی گئیں، بغیر ترپال اور سموگ رولز پر عمل نہ کرنے والی 64 ریت کی ٹرالیاں بندکردی گئیں، سموگ پر قابو پانے کیلئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور صفائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی رہنمائی میں اینٹی سموگ اقدامات سے بہتری آ رہی ہے، جامع اقدامات اور ٹھوس پالیسی سے صوبے کا ماحولیاتی مستقبل بہتر ہوگا، آج کے اقدامات 8 سے 10سال میں اسموگ کے خاتمے کی بنیاد بنیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کے خلاف جنگ شہریوں کی زندگی کے تحفظ کی جنگ ہے، ہر شہری کے تعاون سے ہی صحت مند اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکتا ہے۔