اسلام آباد:پولیس نے ڈی چوک احتجاج پر عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور سمیت 96 ملزمان کے وارنٹ حاصل کرلیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت سے بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 96 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔
پولیس نے جن ملزمان کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے حاصل کیے ہیں، ان میں عمر ایوب ،شیر افضل مروت ،خالد خورشید،اور فیصل جاوید بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایم این اے عبداللطیف، فاتح الملک ،علی ناصر ،صوبائی وزیر ریاض خان کے بھی وارنٹ جاری کیے گئے جب کہ علی زمان ، پیرمصور ،میاں خلیق الرحمان،سہیل آفریدی، شہرام خان ترکئی کے بھی وارنٹ حاصل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بریگیڈیر ریٹائر مشتاق اللہ ، میجر ریٹائر راشد ٹیپو ، ذلفی بخاری ،سلمان اکرم راجا ،مراد سعید ،رؤف حسن ، خدیجہ شاہ، زرتاج گل، عالیہ حمزہ کے بھی وارنٹ بھی حاصل کیے گئے ہیں ۔
تمام ملزمان ڈی چوک احتجاج کے مقدمات میں ملزم نامزد ہیں۔ پولیس نے تحریری درخواست میں سر فہرست بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی جبکہ بانی پی ٹی آئی کاسب سے آخر میں96 نمبر پر بطور ملزم نام درج کرکے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔