لندن:دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست سامنے آ گئی ہے، جس میں برطانوی دارالحکومت کو پہلے نمبر پر یعنی دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق کسی بھی شہر کو دیگر کے مقابلے میں اگر بہتر یا بہترین قرار دینا ہو تو عموماً وہاں کے رہن سہن کے اخراجات، وہاں کی خوبصورتی، تہذیب و تمدن، اخلاقیات، جرائم کی شرح یا سماجیات کو جانچا جاتا ہے۔ اسی طرح دولت، پسندیدگی یا رہائشی سہولیات کی بنیاد آئندہ برس 2025ء کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
ایک سروے کے ذریعے دنیا کے 30 ملکوں سے 22 ہزار افراد سے رائے لی گئی، جس کے نتیجے میں دنیا کے 100 بہترین شہروں کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔
دنیا کے 100 بہترین شہروں کی فہرست میں برطانوی دارالحکومت لندن کو پہلا، امریکی شہر نیو یارک کو تیسرا اور فرانس کے دارالحکومت پیرس کو تیسرا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح جاپانی دارالحکومت ٹوکیو فہرست میں چوتھے نمبر پر بہترین شہر قرار پایا ہے۔ ساتھ ہی اسے ایشیا کا بہترین شہر منتخب کیا گیا ہے۔
اسی طرح بہترین شہروں کی فہرست میں سنگاپور پانچویں، اٹلی کا دارالحکومت روم چھٹے اور اسپین کا دارالحکومت میڈرڈ ساتویں نمبر پر جگہ بنا سکے۔ اس کے بعد اسپین کا شہر بارسلونا آٹھویں نمبر پر آیا ہے۔
حیران کن طور پر دبئی اس فہرست میں تیرہویں نمبر پر ہے ، تاہم اسے مشرق وسطیٰ کا بہترین شہر ہونے کا اضافی اعزاز بھی دیا گیا ہے۔