پی ٹی آئی کے ہلاکتوں کے دعووں سے جھوٹ اور بہتان کا سیلاب آگیا تھا، خواجہ آصف

228

اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں ہلاکتوں کے دعووں سے جھوٹ اور بہتان کا سیلاب آگیا تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کے ڈی چوک پر پی  ٹی آئی کارکنوں کی شہادت کے دعووں سے اظہار لاتعلقی کے بعد وزیر دفاع نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگوں نے غزہ کے شہیدوں کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر اس عنوان سے شیئر کیں کہ یہ اسلام آباد احتجاج کے شہدا ہیں۔ ان کا صرف لاتعلقی کا اعلان کافی  نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بیانات کے بعد جھوٹ اور بہتان کا ایک سیلاب  آ گیا تھا۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور پارٹی کی دوسری قیادت نے ٹی وی پر بیٹھ کر ہزاروں ہلاکتوں کے دعوے کیے بلکہ ایک صاحب نے تو 278 کے اعداد اس طرح سے بتائے گویا انہوں نے لاشیں خود گنی ہوں۔

وزیر دفاع نے چیلنج کیا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی آئی 12 ہلاکتوں کے حوالے سے بھی ثبوت سامنے لائے، کسی کے جنازے کی تصویر یا پھر ورثا کی معلومات۔ گوہر صاحب آپ کے لوگوں نے غزہ کے شہدا کی تصویریں ایکس پر شیئر کیں، معذرت کے ساتھ یہ جعلسازی اور فراڈ تحریک انصاف کے کلچر سے متعلق بہت کچھ بیان کرتا ہے۔