حیدرآباد،اہل کوہسار کا سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری کیخلاف احتجاج

58

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اہل کوہسار ایچ ڈی اے کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری اویس راجپوت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ سوسائٹی کے رہائشی افراد نے اس حوالے سے ایچ ڈی اے کوآپریٹو ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا اجلاس را ساجد کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں، مختار راجپوت، اقبال قائم خانی، وحید قائم خانی، بلال دئس والی عامر مغل بابر قائم خانی صفدر شیخ عزیز چوہان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوسائٹی میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کی جانے والی جعلسازی، قیمتی پلاٹوں اور اراضی کی مبینہ بندر بانٹ اور سوسائٹی کی تعمیر وترقی کے نام پر کی جانے والی دھوکہ دہی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ سوسائٹی کے رہائشی حقیقی باشندوں پر مشتمل افراد کو ذمہ داریاں دی جائیں تاکہ 10 سال سے سوسائٹی پر مسلط ایک ٹولہ جو خودساختہ طورپر اپنے منظور نظرافراد کو منتخب کرواکر سوسائٹی کے وسائل پر قابض ہے، پلاٹوں کی این او سی اور پلاٹوں کے مختلف کاموں کی مد میں حاصل کی جانے والی لاکھوں روپے کی فیسیں ذاتی مراعات کے طورپر استعمال ہورہی ہیں۔ اس حوالے سے سوسائٹی اور اس کے اطراف میں احتجاجی بینرز بھی لگائے گئے ہیں جن میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ سوسائٹی کے مبینہ نام نہاد جنرل سیکرٹری اویس راجپوت اور اس کے ساتھیوں کو فوری طورپر ہٹاکر 10 سال کا حساب لیا جائے اور سوسائٹی کے وسائل کی مبینہ لوٹ مار کی تحقیقات کی جائے۔