حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی سندھ کی ثقافت ٹوپی ، اجرک کا دن جوش و خروش سے منایا گیا ،اس موقع پر حیدرآباد میں شہریوں نے سندھی ٹوپی ، اجرک اور اپنا ثقافتی لباس پہن کر ریلیاں نکالیں ،جبکہ نوجوانوں نے اپنی گاڑیوں کو سندھی اجرکوں سے سجایا تھا اور صبح سے رات تک شاہراہوں پر گشت کرتے رہے ، اس حوالے سے پریس کلب کے سامنے مختلف سندھی میڈیا گروپ کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا جس پر تمام دن سندھ کے راگی فقیر ، لوک فنکار اور سندھی نغمے گانے والوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس پر شہریوں نے انہیں داد دی اسی طرح حیدرچوک پر سندھ ہاری کمیٹی کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا جہاں نوجوان رقص کرتے نظر آئے جبکہ پریس کلب کے سامنے پہنچنے والی ثقافتی ریلیوں کے قائدین کا کہنا تھا اجرک امن ، محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے ، سندھ کے عوام پرامن لوگ ہیں۔انہوں نے ہمیشہ سندھ کی خوشحالی اور ترقی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی ثقافت سے بے پناہ محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سندھی کلچر ڈے کو ہر سال بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیںپاکستان پیٹریا ٹک یوتھ کے چیئرمین ڈاکٹر فہیم احمد ابڑو کی جانب سے میں ثقافت ڈے کے موقع پر ایک ریلی ریڈیو پاکستان سے پریس کلب تک نکالی گئی ،ریلی میں شریک فیض الحق عرفان شیخ شاہد بندھانی بابر قریشی یونس قریشی ڈاکٹر غلام نبی منیب قریشی آصف مغل نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ کہاکہ سندھ امن کی دھرتی ہے سندھ کے لوگ اپنے ملک اور اپنی افواج پاکستان سے محبت کرنے والے ہیں تمام سندھ کی عوام اپنی فوج کا شکریہ ادا کرتی ہے خاص طور آئی ایس آئی ایم ائی جس کی وجہ سے سندھ امن کی دھرتی ہے ۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان سینیٹر عاجز دھامرہ نے سندھ کے ثقافتی دن پرعوام کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدیمی ثقافت اور تہذیب کے وارثوں کو ثقافتی عید مبارک ہو، موہن جو دڑو کے ورثا پُرامن خوشحال ثقافت کے مالک ہیں، موہن جو دڑو سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا، موہن جو دڑو کی تہذیب امن محبت اور محنت کی تہذیب ہے،، سچل کی سرزمین انسانیت سے محبت کا درس دیتی ہے، سندھی ہر ثقافت تہذیب کا احترام اور قدر کرنے والے لوگ ہیں، سندھ سمیت دنیا بھر میں آج ثقافتی دن پر عید کا سماں ہے اورثقافتی دن منانے والے ہر فرد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔