بدین شہر وضلع بھر میں یوم ثقافت سندھ جذبے کے ساتھ منایا

44

بدین (نمائندہ جسارت)بدین شہر سمیت ضلع بھر میں یوم ثقافت سندھ روایتی جوش خروش اور جذبہ سے منایا گیا . شرکا سندھی اجرک ٹوپی پہنے شرکا نے اپنی ثقافت سے پیار کا اظہار کیا اور شرکا نے اس موقع پر دریا سندھ میں نکالی جانے والی غیر قانونی کینال سمیت دیگر سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مختلف صحافتی اداروں کی اپیل پر نکالی گئی ثقافتی ریلی میں شریک صحافیوں سیاسی سماجی علمی ادبی کاروباری شہری ماہی گیر تنظیموں کے عہدیدران اور کارکنوں کے علاوہ بچوں نے ہزاروں کی تعداد میں پیدل چھوٹی بڑی گاڑیوں رکشوں اور موٹرسائیکل پر سوار ہو کر صحافی ثقافتی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین لالہ ہارون گوپانگ ، عبدالشکور میمن ، محمد شفیع جونیجو یونس بکاری بدین پریس کلب کے صدر تنویر احمد آرائیں ، سینئر صحافی غلام مصطفی جمالی ، شوکت میمن ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب امیر آزاد پھنور ، سندھ ترقی پسند پارٹی شاہ نواز سیال ، نشات تنظیم جماعت لواری شریف کے مرکزی صدر فضل اللہ ، ریجن صدر عبدالفتاح دین محمد چنہ ، فضل اللہ جونیجو ، جئے سندھ قومی محاذ صابر راہموں ، فشر فوک فورم ضلع بدین کے سیکرٹری عمر ملاح قاسم چو ، قومی عوامی تحریک کے سانول گوپانگ ، عوامی تحریک کے مہران درس، سچوا کے صدر حاجی مراد چانڈیو ، اساتذہ تنظیم گسٹا کے صدر کاشف قادر میمن کی قیادت میں شہر بھر کا گشت کرنے کے بعد بدین پریس کلب اور ایوان صحافت بدین کے سامنے منعقد تقریب میں شرکت کی۔ ثقافتی ریلی کے تمام شرکا نے سندھی اجرک اور ٹوپی پہن رکھی تھی ، چھوٹے بڑے نوجوان بچے طلبہ اور طالبات سندھی اجرک اور ٹوپیاں اور ثقافتی لباس پہن کر سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا ، سندھی اجرک ٹوپی پہنے شرکا قومی اور ثقافتی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خوشی کا اظہار بھی کرتے رہے۔یوم ثقافت سندھ کی تقریبات کا آغاز معروف تعلیمی ادارے نشنیل اسکول اینڈ کالج پر سندھی اجرک کا بنایا گیا 60 فٹ کا پرچم لہرا کر کیا گیا۔اس موقع پر مقررین نے ثقافتی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی شاندار عظیم اور قدیم ثقافت اور تہذیب کی امین ہیں اور سندھ کے حقوق کی محافظ بھی ہیں۔رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفی بزرگوں، علم دوستوں اور بہادروں کی دھرتی ہے۔ امن، پیار، عزت اور بھائی چارہ سندھ کی عظیم تہذیب رہی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اہل سندھ ثقافت زندہ رکھنے کے ساتھ ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف ہیں اور یوم ثقافت کا دن نسل پرستی، انتہا پسندی اور امتیازی سلوک کے خلاف مناتے ہیں جو ہمیں بغیر کسی تفریق کے تمام روایات اور رسومات کا احترام کرنے کا سبق دیتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم کو اپنی ثقافت اور تہذیب پر فخر اور ناز ہے سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے جو مہمان نوازی، رواداری اور محبت کے جذبوں سے مالا مال ہے۔