عوامی تحریک کی جانب سے یوم ثقافت پر ریلی نکالی گئی

57

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی تحریک ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے مکلی سے جنگ شاہی تک، رسول بخش پلیجو کی آخری آرام گاہ تک ثقافتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، عوامی تحریک ضلع ٹھٹھہ کے صدر رزاق چانڈیو، راحیل بھٹو، گھنور خان زئور، مٹھا خان لاشاری، سندھی شاگرد تحریک ضلع ٹھٹھہ کے صدر غلام علی زئور، خالق گندرو، ایوب انڑ، ریاض عباسی، ادریس پلیجو، امان اللہ بروہی، اسلم سموں، اللہ بخش بلوچ، وزیر بلوچ اور دیگر نے کی۔ جنگ شاہی میں رسول بخش پلیجو کے مزار پر ”دریائے سندھ پر قبضہ نامنظور”، ”تمام کینال نامنظور”، ”دریا پر حملہ نامنظور”، ”دھرتی پر حملہ نامنظور” کے زوردار نعرے بلند کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ اور ملک کا حکمران طبقہ دریائے سندھ پر غیرقانونی کینال کی تعمیر کر کے سندھ کا پانی خشک کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ سندھ کی ہزاروں سالہ تہذیب اور ثقافت کو مسخ کرنے کے لیے دریائے سندھ کا پانی بند کیا جا رہا ہے۔ سندھ کا پانی بند کر کے پنجاب کی بنجر زمینوں کو آباد کیا جا رہا ہے اور سندھ کی زرخیز اور آباد زمینوں کو بنجر بنایا جا رہا ہے۔