گوادر (نمائندہ جسارت ) رحیم میڈیکل سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح جی ڈی اے انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عفان فائق زادہ اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل مکران ریجن ڈاکٹر پرویز عمرانی نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر رحیم میڈیکل سینٹر کے سی ای او ساجد بن رحیم نے مہمانان کو سینٹر کے مختلف سیکشن کا معائنہ کروایا۔ افتتاحی میں ڈاکٹروں۔ سیاسی و سماجی شخصیات۔ پیرامیڈیکس۔ تاجران اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحیم میڈیکل سینٹر کے سی ای او اور نامور صحافی ساجد بن رحیم نے کہاکہ ہمارا مقابلہ کسی بھی دیگر اسپتال سے نہیں ہے۔ میڈیکل سینٹر کا قیام بس انسانی خدمت خلق کے لیے کیا ہے۔ میڈیکل سینٹر بنانے سے پہلے ہم نے میڈیکل سے متعلق تمام چیزوں کے بارے میں ریسرچ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس میڈیکل سینٹر میں گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں کے بہترین ڈاکٹرز اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور کراچی کے بھی بہترین ڈاکٹروں سے ہماری گفت و شنید جاری ہے تاکہ وہ بھی وزٹر آکر میڈیکل سینٹر میں مریضوں کا معائنہ کر سکیں اس کے ساتھ ساتھ گوادر کے جوبھی ڈاکٹرز ہمارے سینٹر میں آکر خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں تو ہم اسکو دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے میڈیکل سینٹر میں ہر مرض کا ٹیسٹ کروائیں گے ہمارے لیبارٹری میں ٹیسٹ کرنے کے لیے بہترین اور اسپیشل مشینیں لگی ہوئی ہیں اور ہم مناسب ریٹ پر ٹیسٹ کروائیں گے۔ مریض کو اس کی ٹیسٹ رپورٹ وٹس ایپ پر بھی دی جائے گی۔ فارمیسی میں موجود دوائیاں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تھلیسیمیا کے مریضوں کا او پی ڈی مفت کردی جائے گی اور انہیں ٹیسٹ کے لیے 50 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ اس موقع پر جی ڈی اے انڈس اسپتال گوادر کے سی ای او ڈاکٹر عفان فائق زادہ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل مکران ریجن ڈاکٹر پرویز عمرانی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالطیف دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ساجد بن رحیم کی سوچ مثبت ہے۔ ساجد نے پہلے صحافت میں بہترین کردار اداکیا اب یہ کام صحافت سے بھی بڑھ کر ہے۔ سینٹر تو بہت بنے ہیں لیکن اصل چیز ٹیم ورک کا ہونا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم اور صحت سرکار کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے ان چیزوں کا فقدان ہے۔ یہاں بہترین تعلیمی ادراے نہیں ہے اور نہ ہی کوئی بہترین ہیلتھ کا کوئی سینٹر ہے۔ انہوں نے کہاکہ رحیم میڈیکل سینٹر کے ساتھ ہم ہر طرح کے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔