ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)پورے سندھ کی طرح ضلع ٹھٹھہ میں بھی سندھی ثقافت کا قومی دن بھرپور انداز میں منایا گیا، ٹھٹھہ میں بھی ایکتا کی مرکزی ریلی سرکی چوک سے نکالی گئی۔ جس میں شہری نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ کر قومی نغمے گائے ۔ ریلی سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے قومی عید کا دن ہے۔ تہذیب سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ہم ہر قسم کی انتہا پسندی اور دریائے سندھ پر 6 کینال کی تعمیر کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔ دوسری جانب ٹھٹھہ کی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے مکلی سے ٹھٹھہ تک یکجہتی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت راول کرنانی، امجد شورو، یاسر جاکرو، شیراز میمن، عمران کھوکھر اور دیگر نے کی۔ ریلی میں دریائے سندھ پر 6 نہریں نکالنے کی مخالفت کی گئی اور نعرے لگائے گئے۔ دریں اثنا ٹھٹھہ کی ضلعی انتظامیہ نے بھی ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان کی قیادت میں پولیس لائن مکلی سے یکجہتی ریلی نکالی۔ ڈاکٹر عمران خان نے کہا کہ سندھ کا امن اور رواداری کا کلچر پوری دنیا کے لیے مثال ہے۔ دریں اثناعلی رضا بروہی نور محمد شاہ طارق شیخ ارجن کمار اور عمیر میمن کی قیادت میں ٹھٹھہ سے مکلی تک موٹر سائیکل یکجہتی ریلی نکالی گئی جو نیشنل پریس کلب ٹھٹھہ پہنچی جہاں نوجوانوں نے قومی ترانے پڑھ کر قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ حیدر شورو اور دیگر کی قیادت میں کارکنان بھی اظہار یکجہتی کے لیے نیشنل پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ گئے۔