بھارت کے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین شپ سنبھال لی

73

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ آئی سی سی کے نئے چیئرمین بن گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے کی مدمت ملازمت مکمل ہونے پر جے شاہ نے آئی سی سی چیف کی باقاعدہ ذمے داریاں سنبھال لیں۔ جے شاہ نے 3سال کے لیے پہلی ٹرم کی شروعات کردی ہے، آئی سی سی نے جے شاہ کی مدت ملازمت شروع ہونے کی تصدیق کردی، وہ مسلسل 3 سالہ مدت تک دوبارہ منتخب بھی ہوسکتے ہیں۔سابق چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے کے عہدے کی میعاد 30 نومبر تک تھی، گریگ بارکلے نے اگست میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جے شاہ بلا مقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث چیئرمین گریگ بارکلے کے عہدے کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، آئی سی سی ڈائریکٹرز اور رکن بورڈز کی حمایت اور اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ ان کاکہنا تھا کہ یہ کھیل کے لیے پرجوش لمحہ ہے، ہم اولمپکس 2028 کی تیاری کر رہے ہیں، ہم کرکٹ کو شائقین کے لیے مزید دلچسپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ایک اہم موڑ پر ہیں جہاں مختلف فارمیٹس ایک ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے کھیل کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، کرکٹ میں عالمی سطح پر بے پناہ صلاحیت موجود ہے، کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی کام کرنے کا منتظر ہوں۔