سان فرانسسکو: ایلون مسک نے دنیا کی بڑی کمپنیوں کو ٹکر دینے کے لیے گیمنگ اسٹوڈیو لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک نے اس بار گیمنگ کے شعبے کو چنا ہے اور وہ دنیا کی بڑی کمپنیوں مثلاً مائیکروسافٹ یا سونی وغیرہ کو گیمنگ کی دنیا میں ٹکر دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے اعلان میں کہا ہے کہ وہ دراصل گیمنگ کی دنیا میں بڑی تبدیلیوں کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیمنگ کی موجودہ انڈسٹری کی حالت ایسی ہے کہ اس پر افسوس کیا جا سکتا ہے، اس میں نہ ہی معیار ہے بلکہ گیمنگ میں زیادہ تر سیاست پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ گیمنگ کے شعبے کو ایک منفرد یا جدید انداز میں سامنے لانا چاہتے ہیں تاکہ لوگ گیمز میں تفریح پر فوکس کریں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ایلون مسک نے مائیکروسافٹ کے ایکس باکس کی پالیسیوں سے متعلق بھی کھل کر تنقید کی تھی۔