میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی کے دن شہید ذوالفقار علی بھٹو نے لاہور میں پارٹی کی بنیاد رکھی اور پاکستان کے کسانوں، مزدوروں، خواتین اور نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق دیے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے اپنی شناخت رکھتا ہے کیونکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو سب سے بڑا اثاثہ ایٹمی طاقت دیا جس کی وجہ سے آج ملک کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی پہلا وومین بینک، وومین پولیس اسٹیشن قائم کیا اور وومین امپاورمنٹ کے لیے سب سے پہلی ملکی وزیر اعظم بنیں اور ملکی کی بقا کی جدوجہد کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بے مثال کردار ادا کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہر مشکل میں عوام کا ساتھ دیا اور اس کے لیے اپنی جانوں تک کی پروا نہ کی، محترمہ نے 27 دسمبر کو اپنی جان کا نظرانہ دے کر یہ ثابت کر دکھایا کہ وہ عوام سے دور نہیں رہ سکتیں۔ سینئر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بھی صدر بننے کے بعد بلوچستان کی عوام سے غیر مشروط معافی مانگی اور حقوق بلوچستان پروگرام کا آغاز کیا، آصف علی زرداری نے تھر کول منصوبے کا آغاز کروایا جو ملکی تقدیر بدل رہا ہے اور کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کم عرصے وزیر خارجہ رہے لیکن دلیری سے کام کیا اور بھارتی وزیر اعظم مودی کو للکارا اور اسے گجرات اور کشمیر کا قصاب کہا، بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والے گھروں کے لیے 21 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا اور یہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو جاری ہے، دنیا میں اس سے بڑی کوئی مثال نہیں ملتی اور کہا کہ پی پی کے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوتی ہیں لیکن انتخابات میں سندھ میں لوگ پی پی کو ہی ووٹ دیتے ہیں اور کہا کہ جو لوگ پی پی کے میڈیا ٹرائل، سازشیں کرتے ہیں، وہ ہر دور میں ناکام ہوتے ہیں کیونکہ پی پی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرتی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے بھی ضیاء کی آمریت کا مقابلہ کیا اور جدوجہد کی اور اسی طرح بیگم نصرت بھٹو نے بھی سخت مشکلات کے باوجود صف اول میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا خاندان ہو جس نے لوگوں اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرد حر آصف علی زرداری نے 11 سال قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن آج کے ایک لیڈر کی طرح لوگوں کو سڑکوں پر نکالنے، ملکی املاک کو جلانے کا نہیں کہا۔