لاہور (نمائندہ جسارت) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی ذکر اللہ مجاہد نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی اجازت ملنے پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے تو پی آئی اے سمیت تمام خسارے میں چلنے والے ادارے منافع بخش ہو سکتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ایسے افراد تعینات کرے جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہ ہو، ان کا دامن صاف اور وہ واقعی میرٹ پر پورا اُترتے ہوں، سفارشی کلچر اور کرپشن نے اداروں کو تباہ و بر باد کرکے رکھ دیا، ان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا، ماضی میں انہی اداروں کی کارکردگی مثالی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کا 5 ماہ کے دوران مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں سے 33 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن اس بات کا ثبو ت ہے کہ اداروں میں صلاحیت ہے کہ وہ بدترین معاشی حالات میں بھی اچھا پرفارم کر سکیں، حکمران اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے اداروں کو اونے پونے فروخت کرنا چاہتے ہیں، نجکاری کا سارا عمل ناسور بن چکا ہے جس کا مقصد حکمرانوں کا اپنی ذمہ داریوں سے فرار اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات دن بد ن گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا، موسمِ سرما کی آمد کے با وجود بجلی کے بلوں میں کمی نہیں آرہی، اس پر منی بجٹ لانے کی خبریں عوام کے لیے تشویشناک ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے اس حوالے سے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ بات سمجھنا چاہیے کہ کوئی بھی چیز، افراد یا سیاسی جماعت پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی، خیبر پختونخوا مسلسل دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، ان کے خلاف اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔