کینال کی تعمیر کیخلاف ایس ٹی پی کا کراچی میں دھرنے کا اعلان

50

 

پڈعیدن (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے نوشہرو فیروز کے نواب منور حسین کی قیادت میں ملنے والے وفد اور پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھو دریا پر 6 کینال تعمیر کرنا سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے جسے کسی صورت سندھ کی عوام قبول نہیں کرے گی، سندھو دریاء پر کینال تعمیر کرنے کے خلاف 8 دسمبر کو کراچی میں تاریخی دھرنا دیا جائے گا جس میں لاکھوں سندھی کینال کو رد کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھو دریاء پر 6 نئے کینال تعمیر کرنے کا فیصلہ آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہوا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کینال تعمیر کرنا سندھ دشمن منصوبہ ہے جس کے خلاف پورا سندھ سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینال کی تعمیر کا فیصلہ مشرف دور میں ہوا تھا جس میں 8 کینال بنے تھے، ہمیں کہا گیا کہ آپ ریڑی کینال بناکر دے رہے ہیں جس پر ہم نے کہا کہ ہمیں کینال نہیں چاہیے، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج کو پانی دیا جائے جس کے بعد کینال کا منصوبہ سردخانے کے حوالے کر دیا، مشرف نے کالا باغ ڈیم اور کینال تعمیر کرنے کی کوشش کی لیکن مطلوبہ رقم نہ ہونے کے باعث کالا باغ ڈیم اور کینالوں کا منصوبہ روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے 70 ارب روپے کی لاگت سے کچھی کینال کی صفائی کے لیے جاری کیے ہیں، ایک طرف عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے سبب پریشان ہے تو دوسری طرف حکمران حرام کے پیسوں سے اپنی خواہشیں پوری کر رہے ہیں، حکمرانوں کے پاس حرام کے پیسے ہیں، عوام کھانے اور دوائوں کے لیے پریشان ہے، بیروزگاری عذاب بن چکی ہے، حکمران اربوں روپے کے سندھ دشمن منصوبے بنا رہے ہیں، پنجاب میں شروع ہونے والے چولستان کینال کے لیے 211 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان کے نام پر جو منصوبہ بنایا گیا، لگتا ہے کہ سندھ پاکستان کا حصہ نہیں ہے، گرین پاکستان منصوبہ سندھ کو تباہ کرنے کا منصوبہ ہے، سندھ دشمن منصوبہ قبول نہیں کریں گے، سندھ ترقی پسند پارٹی گزشتہ 3 ماہ سے کینالوں کے خلاف مسلسل جدوجہد میں ہے، ببرلو بائی پاس سمیت مختلف جگہوں پر دھرنے دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھو دریاء پر کینال تعمیر کے خلاف 8 دسمبر کو گورنر ہاؤس کراچی کے سامنے تاریخی دھرنا دیا جائے گا جس میں سندھ کے لاکھوں باسی شریک ہوں گے۔ انہوں نے سندھ کے باسیوں سے اپیل کی کہ وہ 8 دسمبر کو کراچی میں اعلان کردہ دھرنے میں بھرپور شرکت کریں، سندھو دریاء پر تعمیر کینالوں کو رد کرنے کا فیصلہ دیں۔