لاہور (نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام پریس کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام، ناظم پنجاب اسلامی جمعیت طلبہ ابوذر غفاری، ناظم لاہور عبداللہ بن عباس اور حسنات ڈوگر سیکرٹری اطلاعات لاہور نے شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم پنجاب اسلامی جمعیت طلبہ ابوذر غفاری نے کہا تعلیمی اداروں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ، فیسوں میں مسلسل اضافے نے عوام کے لیے تعلیم کے دروازے بند کر دیے، یہ طلبہ اور والدین دونوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ طلبہ یونین کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود طلبہ یونین کی بحالی میں تاخیر کا جواز کیا ہے؟ یہ تاخیر طلبہ کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور عبداللہ بن عباس کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف شہر کے ہر تعلیمی ادارے کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف طلبہ کے حقوق کی آواز بلند کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین طلبہ برادری کو درپیش مسائل کو اُجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے حکام پر دبائو ڈالنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوں گے، ہر مسئلے کا حل طلبہ یونین کی بحالی پر منحصر ہے، یونین کے الیکشنز کے لیے لاہور بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں تحریک چلائی جائے گی۔