ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) یومِ ثقافت کے سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری اسکول تالپور محلہ میں سندھی ثقافت کا شاندار رنگا رنگ پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں اسکول کے طلباء نے سندھی لباس، ٹوپی، اجرک پہن کر ٹیبلوز، تقاریر سندھی گیتوں پر رقص کیا، جبکہ سندھی روایت کے مطابق دولہا دلہن کی شادی کرائی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر علی محمد تالپور نے آنے والے مہمانوں پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن تعلقہ حیدرآباد کے قائم مقام صدر عبدالنوید راجپوت، جنرل سیکرٹری بابو عارف قائم خانی سمیت دیگر کو سندھ کی روایت سندھی اجرک پیش کی۔ اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر علی محمد تالپور، پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالنوید راجپوت، بابو عارف قائم خانی، عبدالسلام ٹالپور، محمد علی راجپوت، سید عباس شاہ، شاہنواز عمرانی کا کہنا تھا کہ سندھ کی تہذیب و ثقافت صدیوں پرانی ہے، سندھی ٹوپی اجرک سندھ کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا دن منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے جنہوں نے ہمیشہ پیار امن محبت کا درس دیا ہے اور آج اس دن پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم سندھ دھرتی کی حفاظت اور اس میں نفرتیں ختم کرکے پیار محبت بانٹیں گے۔