حکومت، اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ ملک پر رحم کریں، تنظیم اسلامی

60

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تنظیم اسلامی کے نائب امیر اعجاز لطیف نے کہا ہے کہ حکومت، اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ ملک و قوم پر رحم کریں۔ یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی حالیہ کال نے نہ صرف حکومتِ وقت اور مقتدر حلقوں بلکہ عوام کو بھی بری طرح ہلا کر رکھ دیا اور 3 دن تک پورا ملک خصوصاً وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہیجانی کیفیت میں مبتلا رہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آئینِ پاکستان کے مطابق ہر سیاسی جماعت کو ملک کے کسی بھی مقام پر پرامن احتجاج کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور آج کے حکومتی اتحاد میں موجود تمام جماعتیں ماضی میں اپوزیشن کے طور پر اپنے اِسی آئینی حق کو استعمال کرتی رہی ہیں، پھر یہ کہ ماضی کی حکومت جو آج اپوزیشن میں ہے، اس نے اپنے دورِ حکومت میں احتجاج کرنے والوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بعض اقدامات بھی کیے، لیکن حالیہ احتجاج کے دوران حکومت اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جس قدر طاقت کا استعمال کیا ہے وہ کسی طور پر بھی مناسب نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ روایتی اور سوشل میڈیا میں افواہ سازی کی بہتات کے باعث فریقین کے جانی نقصان کا درست تعین کرنا تقریباً ناممکن ہے۔