کووڈ ایمپلائز اب تک فزیکل تصدیق سے محروم

37

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ کووڈ پیرامیڈک ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر گل محمداور جنرل سیکرٹری ارسلان قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع حیدرآباد میں کووڈ ایمپلائز کی اب تک فزیکل تصدیق نہ ہو سکی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے 25 ستمبر کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوپہلا فزیکل تصدیق کا لیٹرجاری کیاتھا جس میں فزیکل تصدیق کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ رکھی گئی تھی لیکن عمل مکمل نہ ہوسکا جس کے ڈی جی ہیلتھ سندھ نے 9 اکتوبر کو ایک اور خط جاری کیا جس میں فزیکل تصدیق کے لیے 12 اکتوبر کی تاریخ رکھی گئی لیکن بدقسمتی سے بعد میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ آفس سے جاری خط کے تحت کووڈ ایمپلائز کی فزیکل تصدیق کا عمل معطل کردیا جاتا ہے اورکووڈ ایمپلائز کو آئندہ دوسری تاریخ کا انتظار کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ کووڈ ایمپلائز اب تک فزیکل تصدیق سے محروم ہیں اور اس حوالے سے ہماری صوبائی قیادت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد سے دو بار ملاقات بھی کی ہے لیکن اب تک اس مسئلے کا کوئی بھی حل نہیں نکا لا گیا اور نہ ہی نئی تاریخ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے اپیل کی کہ فوری کووڈ ایمپلائز کی فزیکل تصدیق کرائی جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔