عمران خان کو ایسی چیزدی گئی جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑنے کا خطرہ ہے‘ قاسم سوری

30

 

 

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو کوئی ایسی چیز دی گئی ہے، جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑنے کا خطرہ ہے اور ان کی جان کو بھی ’شدید خطرات‘ لا حق ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں قاسم خان سوری نے لکھا کہ قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ عمران خان کو ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کرکے کسی زہریلی چیز کا اسپرے کیا گیا ہے، جس کی بو ان کے ذہن پر اثر کر رہی ہے، عمران خان کی طبیعت خراب ہے اور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انسٹا گرام پر پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ پر قاسم خان سوری کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قاسم خان سوری نے اپنے ذرائع کے حوالے سے عمران خان کے بارے میں خطرناک رپورٹس شیئر کی ہیں۔ پی ٹی آئی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کی زیرنگرانی عمران خان کا شفاف طبی معائنہ کرواکر ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ قاسم سوری نے لکھا ہے کہ عمران خان کا اپنے خاندان سے رابطہ مکمل منقطع ہے، انہیں ضروری طبی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں، ان کی خیریت سے متعلق ٹھوس اور قابل اعتماد ثبوت بھی نہیں ہے، عمران خان کی ’تنہائی‘ کے باعث انسانی حقوق کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات جنم لیتے دکھائی دیتے ہیں۔تحریک انصاف کی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور ان کی جان کو خطرات کے خدشات سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس سب کے پیچھے کیا ارادے کار فرما ہیں؟واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے اس طرح کے خدشات کا اظہار پہلے بھی کیا جاتا رہا ہے، گزشتہ سال سے جیل میں قید سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اس سے قبل پنجاب حکومت کو خط لکھ کر عمران خان کو زہر دینے کے خدشے کا اظہار کر چکی ہیں۔