چیمپئنز ٹرافی: پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر رضامند ہوگیا، بھارتی میڈیاکا دعویٰ

52

 

دبئی/ کراچی (سید وزیر علی قادری) چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں سب سے بڑی رکاوٹ وینیو اور شیڈول کا اعلان گزشتہ روز بھی نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں تاہم ہنگامی اجلاس بے نتیجہ رہا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے دبئی میں پڑائو ڈال لیا ہے اور کرکٹ کے حلقوں میں چہ مہ گوئیاں جاری ہیں۔ دریں اثنا بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامند ہوگیا ہے اور حتمی فیصلہ کل پیر یا منگل کو متوقع ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی شرط ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلیے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کیلیے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے بھی ملاقات کی ہے اور چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوجائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کو کھیلوں میں گھسیٹنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جس سے شائقین کرکٹ اور مداحوں کو سب سے زیادہ تشویش لاحق ہوتی ہے۔ یہ ہی نہیں اسپانسرز اور براڈکاسٹرز دونوں نے فی الحال چپ سادھ رکھی ہے اور وہ کسی اچھے فیصلے کے منتظر ہیں۔