پی ٹی آئی سیاسی لبادے میں فتنہ ہے، عرفان صدیقی

12

اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ سیاسی لبادہ اوڑھے ایک جتھہ اور فتنہ ہے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پرلشکر کشی کی ، ایسے جتھے کو اگر قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا تو کالعدم تنظیموں پر پابندی کا کوئی جواز رہتا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی جماعت نہیں کہا جاسکتا، یہ ایک جتھہ اور فتنہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں کوئی ایسی جماعت نہیں جس نے ایسا ردعمل دیا ہو، ماضی میں لیاقت باغ سے سیاسی جماعتیں لاشیں بھی اٹھا کر گئیں، باچا خان اور جی ایم سید سمیت سیاسی قیادت نے طویل جیلیں کاٹیں، کسی جماعت نے ایسا رویہ اختیار نہیں کیا، ماضی میں مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی چپقلش رہی تاہم کسی صوبائی حکومت کو سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر لشکر کشی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔