عمران خان سے متعلق افواہیں، خدشات دُور کرنے کیلیے ملاقات کرائی جائے، فیصل چودھری

120

راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق افواہیں مل رہی ہیں، ہمارے خدشات دُور کرنے کے لیے ان سے ملاقات کرائی جائے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حوالے سے افواہیں پھیل رہی ہیں اور ہم انہیں رد کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں، ہمارے خدشات دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ عمران خان سے ہماری ملاقات کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل دو دن سے عمران خان کے ساتھ ملاقات کے لیے کوشاں ہیں لیکن پنجاب پولیس عدالت کے احکامات پر  عمل کرنے سے انکاری ہے نہ ہی مقدمے کا تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا خدشہ ہے کہ عمران خان کو جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان سے 26 نومبر کو ملاقات ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ 36 گھنٹے سے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔ عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ ہم عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف ہائی کورٹ جا رہے تھے۔