سکھر (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن ریٹائرڈ فیصل عبداللہ چاچڑ کی اسٹریٹجک رہنمائی میں گدپور کچا میں ڈاکوؤں سے دورانِ مقابلہ شہید کانسٹیبل اربیلو چاچڑ کی شہادت میں ملوث ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لیے انتہائی احتیاط کے ساتھ گزشتہ 2 روز سے جاری کامیاب آپریشن میں سکھر پولیس اور رینجرز نے پہلی بار بدنام زمانہ انتہائی سنگین نوعیت کے کیسز میں مطلوب ڈاکو یاسین تیغانی کے مضبوط ٹھکانے پر قبضہ کر لیا، سندھ پولیس کی جانب سے حکومت کو اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن سکھر کچا ایریا میں سیکورٹی اور قانون کی عملداری کو برقرار رکھنے کے لیے وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ ڈاکو یاسین تیغانی نہ صرف شکارپور/ کشمور کے تیغانی و دیگر کرمنل گروپس کو سکھر رینج میں مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے پناہ دیتے ہوئے خود بھی ان واقعات حصہ دار / شامل ہوتا ہے۔ اس آپریشن میں کامیابی سے خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں نمایاں مدد ملے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے علاقے میں فعال ڈاکوؤں کے گروپس کو گرفتار اور ان کے خاتمے کے لیے ڈاکو یاسین تیغانی سمیت دیگر ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مکمل مسمار کرتے ہوئے ان کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے اہلکاروں پر چھپ کر فائرنگ کے لیے بنائے گئے ظاہری و خفیہ مورچے بھی تباہ کرتے ہوئے مزید آپریشن میں مدد کے لیے خصوصی مضبوط اے پی سی گاڑیاں، جدید ٹیکنالوجی کا استمعال کرتے ہوئے نگرانی کی جا رہی ہے۔