میرپورخاص: دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کیخلاف ریلی

71

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے اور سندھ میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جئے سندھ محاذ کی جانب سے ریاض چانڈیو کی قیادت میں این کے پمپ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں جئے سندھ محاذ اور دیگر قوم پرست جماعتوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاض چانڈیو نے پریس کلب کے سامنے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زندگی کا نام دریائے سندھ ہے، اسے بیچنا غداری ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت سندھ کا پانی روک کر دہشت گردی کر رہی ہیں، ایسی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ ریاض چانڈیو نے کہا کہ نئی نہروں کی تعمیر سے سندھ کی 50 لاکھ ایکڑ اراضی تباہ ہو جائے گی اور کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص سمیت کئی شہروں کو پینے کا پانی نہیں ملے گا، ایک طرف دریائے سندھ کا استحصال کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف حکومتی سرپرستی میں مذہبی جنونیت پھیلائی جا رہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر شاہنواز کا قتل تعصب اور جنونیت ہے، اس میں ملوث تمام کرداروں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل سندھ میں دریائے سندھ کے تحفظ اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف ثقافت کے پروگرام میں اُجاگر کیا جائے گا۔