جھڈو (نمائندہ جسارت) سفید پوش لوگوں میں روز مرہ کی ضروریات کے کپڑوں کی فراہمی کے لیے فلاحی ادارے ہیلپنگ ہینڈ نے مقامی این جی او این جے فاؤنڈیشن (نسیم جمیل فاؤنڈیشن) کے تعاون سے مال آف ہیومنٹی کے عنوان سے قائم خانی ہال میں کپڑوں کی مفت تقسیم کے کئی درجن اسٹال لگائے جس سے 400 سے زائد خواتین نے استفادہ کیا۔ تقریب کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر غضنفر حسین پرداخ، مختار کار میر مظہر اور سینئر صحافی خالد پرویز صدف نے کیا، مہمانوں نے تمام اسٹالز کا معائنہ کیا اور ضرورت مند افراد کے لیے موجود نئے کپڑوں کی کوالٹی کی اور پروگرام کوبہتر طور پر آرگنائز کرنے کی تعریف کی، پروگرام کے آرگنائزر اظہر جمیل آرائیں نے بتایا مال آف ہیومنٹی کے انعقاد کا مقصد سفید پوش لوگوں کو روز مرہ ضروریات اور سردیوں سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑوں کی مفت تقسیم ہے، یہ تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس میں کپڑوں کے اسٹال لگائے جاتے ہیں اور خواتین اپنی مرضی سے اپنے اور اپنے بچوں کی ضروریات کے نصف درجن کپڑے پسند کرکے لے جاتی ہیں، یہ پروجیکٹ بنیادی طور پر مڈل اور لوئر مڈل کلاس کو سپورٹ کرنے کا پروگرام ہے۔ اس موقع پر ہیلپنگ ہینڈ کے پروگرام منیجر محمد وسیم نے بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے اس پروجیکٹ کا انعقاد ملک بھر میں کیا جاتا ہے جس کا مقصد ضرورت مند کو سپورٹ کرنا ہے۔