عمران خان کے وکیل ملاقات کیے بغیرجیل سے واپس

75

راولپنڈی (آن لائن) عدالتی احکامات کے باوجود اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے وکلا کو تفتیشی افسر سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی جس پر سابق چیئرمین کے وکلا ملاقات کے بغیر جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔ محمد فیصل ملک، غلام حسنین مرتضیٰ سنبل اور راجا متین پر مشتمل وکلا نے انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ کے روبرو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ چونکہ وہ تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ نمبر 2831 میں سابق چیئرمین کے جسمانی ریمانڈ کے عدالتی حکم کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں جبکہ تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708 (جی ایچ کیو حملہ کیس) میں بھی سابق چیئرمین سے ضروری مشاورت اور ہدایات لینا ہیں لہٰذا جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی جائے کہ وہ ان کی ملاقات کا فوری انتظام کرے۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدائیت کی کہ وہ ملزم کے وکلا کو مقدمہ کے تفتیشی انسپکٹر راشد کیانی تک جیل میں ملاقات میں معاونت کریں۔ عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا آئینی حق ہے کہ وہ اپنے وکلا سے مل سکتا ہے۔ ہم نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات کے بارے رائے لینی ہے، جیل انتظامیہ معاملہ پر تعاون کو تیار نہیں جبکہ تفتیشی افسر بھی غائب ہے۔