ڈربن (اسپورٹس ڈیسک ) جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سری لنکن ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کم ترین اسکور پر آئوٹ ہوگئی۔ڈربن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے پہلی اننگز کے 191کے اسکور کے جواب میں صرف 42 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقی بولرز کے سامنے سری لنکا کے 9 بلے باز دہرا ہندسہ میں بھی داخل نہیں ہوئے۔ 5 بلے باز صفر پر آئوٹ ہوئے۔ کامندو مینڈس 13اور لاہیرو کمارا 10رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن نے 13رنز دے کر 7وکٹیں حاصل کیں۔ 42 رنز پر آئوٹ ہونا سری لنکا کا اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور ہے۔اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 1994میں کینڈی میں پاکستان کے خلاف 71رنز پر آئوٹ ہوئی تھی۔ بنگلورو ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم ہوم گرائونڈ پر کم ترین اسکور پر آئوٹ ہوئی جب 46پر سب کے سب پویلین لوٹ گئے اس کے علاوہ سری لنکا کا 42 رنز پر آئوٹ ہونا، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔اس سے قبل بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 2020میں صرف 36رنز پر آئوٹ ہوئی تھی۔