52 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے ایوب اسٹیڈیم ملتان میں شروع ہو گئے

200
ملتان: 52قومی ایتھلیٹس مقابلوں کے افتتاح کے موقع پر اولمپئن ارشد ندیم قومی پرچم تھامے ننھے مننے ایتھیلیٹس کے ساتھ مارچ پاسٹ کرتے ہوئے

ملتان(اسپورٹس ڈیسک)52 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2024 کے مقابلے ملتان میں شروع ہوگئے۔ ایوب اسٹیڈیم میں چیمپئن شپ کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کا فخر، پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ جیولین تھروور چیمپئن ارشد ندیم افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان اتھلیٹک فیڈریشن کے تعاون سے 4 روزہ چیمپئن شپ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 45 ایونٹس ہونگے جن میں 24 مردوں اور 21 خواتین کے ایونٹس ہونگے۔چیمپئن شپ میں اسلام آباد، پنجاب، سندھ، کے پی، بلوچستان، اے جے کے، گلگت بلتستان ،پاکستان آرمی، نیوی، ائرفورس ، پولیس، واپڈا اور ایچ ای سی کے 600 مرد و خواتین کھلاڑی اور 100 سے زائد آفیشلز حصہ لے رہے ہیں۔ 2 دسمبر تک ملتان کے مختلف میدانوں میں جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں لانگ جمپ، شارٹ جمپ، جیولین تھرو، 800 میٹر ریس اور ہیمرتھرو سمیت مختلف مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیمپئن ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں اتھلیٹکس کے گرانڈز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔اس طرح کے ایونٹ قومی یکجہتی کیلئے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے ان مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔