پی ٹی آئی احتجاج سے فرار: بھاگنے والے گیدڑ ہوتے ہیں لیڈر نہیں، طلال چوہدری

98
political burial

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنماء  و سینیٹر طلال چودھری کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے احتجاجی مظاہرے میں  کارکنان کو چھوڑ کر بھاگتے ہوئے چند طرم خانوں کو دیکھا، گیڈروں میں بھاگنے والی خصوصیت ہوتی ہے لیڈروں میں نہیں، لیڈر تھے تو آگے آ کر گولی کھاتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نےکہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت اپنی بزدلی چھپانے کیلئے لاشوں اور گولیوں کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، کسی ایک سرکاری اسپتال میں کوئی پی ٹی آئی ورکروں کی کوئی لاش نہیں لائی گئی، نہ کسی پارٹی کے کارکن کو ایڈمٹ کروایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  بشری پنکی نے کہا تھا جب تک بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوں گے ہم نہیں جائیں گے، بشری پنکی پتلی گلی سے ایسی بھاگیں کہ کسی کو پتا بھی نہ چلا، سینے پر گولی کھانے کا دعویٰ کرنے والا وزیر اعلیٰ عورت کا سہار ا لے کر احتجاجی مظاہرے سے فرار ہوگیا۔

طلال چوہدری کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف والوں نے اسلام آباد کا امن تہہ وبالا کرنے کی کوشش کی، آپ نے ہتھیار اٹھائے ہوئے تھے، آپ کے پاس آنسو گیس کے شیل اور مسلح لوگ تھے، یہ کوئی تربیت یافتہ فورس کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا، یہ لوگ افغان شہریوں کو بڑی تعداد میں ساتھ لے کر آئے، ویڈیوز میں افغان شہری، آنسو گیس کے شیل چلانے والے نظر آئے۔