لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں میں ریفارمز کا سلسلہ جاری ہے، قیدیوں کی فلاح کیلئے جیل میں تعینات ماہرین نفسیات کے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سینیئر اور جونیئر سائیکالوجسٹ تعینات کیے گئے ہیں، جو قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ اور مرض کی تشخیص کریں گے۔
نئے ایس او پیز کے مطابق جیل آمد کے 24 گھنٹوں میں سائیکالوجسٹ ہر قیدی کا معائنہ کریگا، جیل میں تعینات ماہر نفسیات ہر قیدی کے جرم، کریمنل ہسٹری اور شخصیت کے مطابق اس کی کیٹیگری کا تعین کریگا جس کیلئے انہیں پرفارماز دیے گئے ہیں۔
سائیکالوجسٹ ذہنی تناؤ کے شکار قیدیوں سے بہتر رویے کیلئے جیل عملے کی تربیت بھی کریگا، اسی طرح قیدیوں کو ذہنی تناؤ اور خود کشی کے رجحانات سے بچاؤ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔