اسلام آباد:قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی ختم کردی گئی۔
وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) اور یورپی کمیشن کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ اور محنت کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اسے تاریخی دن بھی قرار دیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پرپابندی کےخاتمے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بہت محنت کی۔ پی آئی اے کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے۔ پابندی ہٹنے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر آگئی تھی، اب قومی فضائی کمپنی کا آپریشن جلد بحال ہوجائے گا۔ امید ہے برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی پابندی ہٹا لی جائے گی۔
یاد رہے کہ یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر 30 جون 2020 کو یورپی ممالک کے لیے پروازیں معطل کردی تھیں، جس کے بعد حکومتی کاوشوں سے پابندی کو عارضی معطل کرتے ہوئے پی آئی اے کو 3 جولائی 2020 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔