لاہور:وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
مریم نواز نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بیسٹ پرفارمنگ ایکوئٹی مارکیٹ کادرجہ حاصل کر چکی ہے، الحمدللہ ، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج نئی تاریخ رقم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی بلندی و تیزی سمیت ہر تاریخی کام، ہر ریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیرمتزلزل اعتماد، اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیز بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ثابت ہو رہا ہے، مسلم لیگ ن نے سٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ اعلی پالیسیز سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرایا۔