ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر قید اور ایک کروڑ تک جرمانے کی تجاویز

111

اسلام آباد:ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر قید کے علاوہ ایک کروڑ روپے تک کے  جرمانے کی تجاویز سامنے آ گئیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں اوگرا ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک میں ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سزاؤں سے متعلق بتایا گیا ہے کہ غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر یا غیر معیاری آلات فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔ پہلے ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار روپے جرمانہ تھا جسے بڑھا کر کم سے کم 10 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح قوانین کی خلاف ورزی پر سزا بھی 6 ماہ سے بڑھا کر 10 سال ناقابل ضمانت کی تجویز دی گئی ہے۔ اب ایل پی جی کے قوانین پر عمل نہ ہوا تو 10 سال کی سزا ہوگی۔ ملک بھر میں ایل پی جی کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے باعث یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔

اوگرا کے نئے قوانین کی سمری حتمی منظوری کے لیے حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے قوانین میں تبدیلی لا رہے ہیں۔